ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتراکھنڈ: 'بے روزگاری' کے خلاف تحریک چلائیں گے ہریش راوت، بھوک ہڑتال کا کیا اعلان

اتراکھنڈ: 'بے روزگاری' کے خلاف تحریک چلائیں گے ہریش راوت، بھوک ہڑتال کا کیا اعلان

Fri, 21 Aug 2020 21:02:34    S.O. News Service

اتراکھنڈ،21؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں بڑھ رہی بے روزگاری کو لے کر نہ صرف مرکز کی مودی حکومت بلکہ ریاستوں میں بی جے پی حکومتوں کو بھی اپوزیشن کی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے بھی اب بے روزگاری کے ایشو پر تریویندر حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارہ اے این آئی کے مطابق اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ کانگریس لیڈر ہریش راوت نے اتراکھنڈ میں بڑھ رہی بے روزگار پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے یکم ستمبر سے بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ یکم ستمبر کو بے روزگار نوجوانوں کی حالت زار سماج اور ریاستی ذمہ داران کے سامنے لانے کے لیے اپنی رہائش گاہ پر اُپواس (بھوک ہڑتال) رکھیں گے۔

دراصل اتراکھنڈ میں فروری 2022 میں اسمبلی انتخاب ہونے والے ہیں۔ ایسے میں اب ریاستی حکومت کے خلاف ہریش راوت نے مضبوط اپوزیشن لیڈر کی شکل میں سرگرم ہونے کا ذہن تیار کر لیا ہے۔ وہ ریاست میں بے روزگاری اور ہجرت جیسے ایشوز پر لگاتار آواز اٹھا رہے ہیں اور ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے بھی ہندوستان میں بڑھ رہی بے روزگاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ 19 اگست کو راہل گاندھی نے ایک نیوز پورٹل کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بذریعہ ٹوئٹ مودی حکومت پر حملہ کیا تھا اور لکھا تھا کہ "گزشتہ 4 مہینوں میں تقریباً 2 کروڑ لوگوں نے ملازمتیں گنوائی ہیں۔ 2 کروڑ خاندانوں کا مستقبل تاریکی میں ہے۔ فیس بک پر جھوٹی خبریں اور نفرت پھیلانے سے بے روزگاری اور معیشت کے تباہ ہونے کا سچ ملک سے نہیں چھپ سکتا ہے۔"


Share: